کراچی: پاکستان کے بیشتر حصوں میں اتوار کو سورج گرہن ہوگا، جو صبح 9 بجکر 45 منٹ پر شروع ہوگا اور دوپہر ایک بج کر 10 منٹ تک جاری رہے گا، 11 بج کر 25 منٹ پر مکمل سورج گرہن ہونے سے دن رات میں تبدیل ہو جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے میں 90 فیصد سورج گرہن ہوگا جب کہ کراچی میں 100 فیصد سورج گرہن دیکھا جاسکے گا۔
سورج گرہن آسٹریلیا سے لیکر یورپ تک دیکھا جا سکے گا، اس کے علاوہ وسطی ایشیا اور ایشیائی ممالک میں بھی لوگ سورج گرہن دیکھ سکیں گے، چاند دورانِ گردش زمین اور سورج کے درمیان آجانے سے سورج گرہن لگتا ہے۔
ڈاکٹروں نے سورج گرہن کو براہ راست یا بالواسطہ دیکھنے سے منع کیا ہے کیونکہ سورج سے نکلنے والی بالائے بنفشی شعاعیں آنکھوں کی بینائی کو مستقل طور پر ختم کرنے کا باعث ہوتی ہیں، خصوصاً بچوں کو سورج گرہن کے دوران گھروں سے باہر نہیں نکلنے دینا چاہئے۔
سورج گرہن کے دوران نماز کسوف کی ادائیگی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے
نماز کسوف پڑھنے کا طریقہ
سورج گرہن کے دوران مرد حضرات مسجد میں جمع ہوں گے اور بغیر اذان و اقامت اور بغیر فتویٰ کے امام صاحب دو رکعت نفل کسوف کی نیت سے پڑھائیں گے ۔
نماز کسوف میں قیام کے اندر طویل قرات کی جائے گی، ایسے ہی وہ رکوع اور سجدہ کی تسبیح زیادہ سے زیادہ پڑھیں، تاکہ سجدہ اور رکوع بھی تھوڑا لمبا ہوسکے، سلام پھیرنے کے بعد گڑگڑا کر دعائیں کی جائیں۔
سورج گرہن اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے، لہذا اس موقع پر سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق نمازکسوف کی ادائیگی اور استغفار کرنا چاہئے۔