ایران اور افغانستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی، پاکستان کیخلاف کھیل بگڑنے سے بھارت پریشان

0

کابل:ایران میں افغان مہاجرین کے ساتھ  کیے جانے والے سلوک اور ہلاکتوں کے حالیہ واقعات کے بعد دونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھنے لگی ہے اور افغانستان نے ایران کیخلاف  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل  سے بھی رجوع کرلیا ہے، اس کے علاوہ   ایرانی حکام سے بات چیت کیلئے بھی وفد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی قیادت جو پہلے ہی طالبان امریکہ معاہدہ سے پریشان ہے، اب اس کا پاکستان کیخلاف کھیل مزید خراب ہونے کا امکان ہے، ایران اور افغانستان میں کشیدگی بڑھنے سے اسے کھیل  مکمل طور پر ہاتھ سے نکلتا نظر آرہا ہے، کیوں کہ چاہ بہار بندرگاہ سمیت کئی منصوبے بھارت  نے دونوں ملکوں کے ساتھ مشترکہ طور پر بنائے ہوئے ہیں۔

بھارتی حکام نے دونوں ملکوں کے حکام سے رابطے کئے ہیں، تاہم ان کیلئے صورتحال کوئی زیادہ حوصلہ افزا نہیں رہی ۔

افغان وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ایران  میں افغان مہاجرین کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ہم نے  سلامتی کونسل کو  خط لکھا ہے ، جس میں عالمی ادارے سے ایران میں افغان پناہ گزینوں سے برتے جانے والے نا روا سلوک کا نوٹس لینے کو کہا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ  ہم ایران کی جانب سے افغان مہاجرین کے قتل سے متعلق  واقعات کی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں ۔  ہمارا مطالبہ ہے  کہ ایران مہاجرین کے قتل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

دوسری جانب افغان رکن  پارلیمنٹ مریم سما نے  بھی ایران کیخلاف ٹوئٹ کیا ہے ،جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ہمارے لوگوں کو زندہ پانی میں ڈبویا گیااور کئی کو جلا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیسا مسلمان پڑوسی ملک ہے ،جو بے گناہ مزدوروں کو بھی موت کے گھاٹ اتار نے میں تامل نہیں کرتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.