روس نے پاکستانی بحری مشقوں میں شرکت کا اعلان کردیا

0

ماسکو: روس اور پاکستان کے درمیان بڑھتے دوستانہ تعلقات میں ایک اور پیشرفت ہوئی ہے، اور روس نے پاکستان کی طرف سے ایسی کثیر الملکی بحری مشقوں میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی ہے، جن میں اس کا حریف دفاعی اتحاد نیٹو کے رکن کئی ملک بھی شریک ہورہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق روس نے اعلان کیا ہے کہ وہ  پاکستان بحریہ کی طرف سے کثیرالملکی مشقوں میں حصہ لے گا، کراچی کے ساحل کے قریب  ہونے والی ان مشقوں میں 30 سے زائد ممالک شریک ہوں گے، جن میں نیٹو کے رکن ممالک بھی شامل ہیں۔ امن 2021 مشقیں اگلے برس یعنی فروری 2021 میں منعقد ہوں گی، اور ان میں ترکی، چین، جاپان، امریکہ اور برطانیہ کی شرکت بھی متوقع ہے، روسی خبر ایجنسی کے مطابق یہ گزشتہ 9 برسوں میں پہلی بار ہوگا کہ روسی بحریہ ایسی مشقوں میں شریک ہوگی، جن میں نیٹو کے جہاز بھی شامل ہوں گے، اس سے قبل 2011 میں اسپین کے ساحلوں کے قریب نیٹو اور روسی جہازوں نے مشترکہ مشقوں میں حصہ لیا تھا۔

دوسری طرف نیٹو کے اعلیٰ عہدیدار نے مغربی خبر ایجنسی کو بتایا کہ نیٹو روس کے ساتھ مشقوں کا کوئی پروگرام نہیں رکھتا، تاہم اتحاد کے رکن ممالک  انفرادی طور پر کسی مشق میں شرکت کرسکتے ہیں، ان کا موقف تھا کہ روس نے 2014 میں یوکرین کے علاقے کریمیا پر غیر قانونی قبضہ کیا، جس کے بعد سے نیٹو نے روس کے ساتھ  تعاون معطل کر رکھا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.