روم: ایک طرف پاکستان سمیت غریب ملکوں کے شہری اٹلی پہنچنے کیلئے سرگرداں رہتے ہیں، تو دوسری جانب اٹلی سے دوسرے ممالک منتقل ہونے والے اطالوی شہریوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، مائیگرینٹس کرسچئن فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق اٹلی چھوڑنے والے شہریوں کی تعداد 55 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کےمطابق اطالوی شہریوں کی جانب سے ملک چھوڑنے اوردوسرے ترقی یافتہ ممالک میں آباد ہونے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، مائیگرینٹس کرسچئن فاؤنڈیشن نے اس حوالے سے جو رپورٹ جاری کی ہے، اس کے مطابق اٹلی چھوڑنے والے رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد55 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ اٹلی کی کل آبادی 6 کروڑ کے قریب ہے،اس طرح 6 کروڑ کی آبادی میں سے 55 لاکھ شہری دوسرے ملکوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2006 میں بیرون ملک مقیم اطالوی شہریوں کی تعداد 31 لاکھ تھی،اس طرح گزشتہ 15 برسوں میں ملک چھوڑنے والے شہریوں کی تعداد میں 76 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،دوسرے ملکوں میں منتقل ہونے والے اطالوی شہریوں میں خواتین کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔پندرہ برس قبل بیرون ملک منتقل ہونے والے اطالوی شہریوں میں خواتین کا تناسب 46 فیصد تھا، جو اب 48 فیصد ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بالخصوص نوجوان اطالوی اٹلی کو چھوڑ کر دوسرے ملکوں کا رخ کررہے ہی، جس سے برین ڈرین ہورہا ہے، اسی طرح اٹلی کے جنوبی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں، کیوں کہ وہاں سے نہ صرف لوگ دوسرے ملکوں کو جارہے ہیں، بلکہ اٹلی کے شمالی علاقوں میں بھی منتقل ہورہے ہیں۔