یورپ کا رخ کرنے والے پاکستانی کہاں پکڑے جانے لگے

0

کراچی: یورپ کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ، اچھے مستقبل کی تلاش میں زیادہ تر پاکستانی انسانی اسمگلرز کے ذریعہ زمینی راستے سے یورپ پہنچنے کی کوشش کررہے ہیں اور ان میں سے ہزاروں پکڑے جاچکے ہیں، حکام کے مطابق گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستانیوں کی طرف سے یورپ کا رخ کرنے میں اضافہ ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مغربی یورپ کے خوشحال ممالک کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ دو ماہ اگست اور ستمبر کے دوران بلوچستان میں سرحدی حکام نے اس حوالے سے سرگرمیوں میں اضافے کو نوٹ کیا ہے، اور پہلی بار ان میں خواتین و کم عمر بچے بھی دیکھے جارہے ہیں، اس کےعلاوہ سندھ اور بلوچستان کے نوجوان بھی اب زمینی راستے سے یورپ کا رخ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انسانی اسمگلرز ان سرگرمیوں کیلئے چاغی، خاران اور پنجگور کے روٹ استعمال کررہے ہیں، حکام کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ایران نے 8 ہزار کے قریب پاکستانیوں کوڈیپورٹ کیا ہے، اور انہیں لیویز کے حوالے کیا گیا ہے۔

ان میں سے تقریباً 3 ہزار کو اگست میں ایران نے ڈیپورٹ کیا تھا، جبکہ ستمبر میں یہ تعداد بڑھ کر 5 ہزار تک ہوگئی، یہ پاکستانی ایران کے راستے ترکی کی طرف بڑھ رہے تھے، جہاں پہنچ کر وہ یورپ کے لئے قسمت آزمائی کرتے ہیں، تاہم یہ ایرانی حدود میں ہی گرفتار ہوگئے، ان میں اکثریت کا تعلق پنجاب کے مخصوص اضلاع گجرات، منڈی بہاؤالدین اور گوجرانوالہ سے ہے، لیکن اب ایران کے راستے یورپ کا رخ کرنے والوں میں سندھ، خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کے نوجوان بھی شامل ہورہے ہیں، یہ نوجوان انسانی اسمگلرز کو بھاری رقم دے کر یہ پرخطر راستہ اختیار کرتے ہیں ۔

ایران سے ڈیپورٹ ہو کر آنے والوں کی تعداد میں اضافے کے باعث حکام کو بھی مشکلات درپیش ہیں، دوسری طرف لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی پاکستانی حدود میں انسانی اسمگلنگ کی کئی کوششیں ناکام بناچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.