گاڑیوں میں چھپ کر یورپ آنے والوں کو پکڑنے والا آلہ آگیا
برسلز: گاڑیوں میں چھپ کر یورپ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے ہوجائیں ہوشیار، یورپی فرنٹکس بارڈر فورس کے پاس اب آگیا ہے ایسا ہتھیار کہ آپ گاڑی میں کہیں بھی چھپے ہوئے ہوں، ان کے اہلکاروں کو اس کا پتہ چل جائے گا، اس ہتھیار کو اسمگلنگ روکنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
جی ہاں، فرنٹکس بارڈر فورس نےانسانی اورجانوروں کی اسمگلنگ روکنے کیلئے کاربن ڈائی آکسائیڈ ڈی ٹیکٹر کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے، اس ڈی ٹیکٹر کی بدولت کسی بھی جاندار کا پتہ چلایا جاسکتا ہے، یعنی اگر کوئی گاڑی میں ایسی جگہ چھپا ہوا ہے، جہاں اہلکاروں کی نظر نہیں پڑی، تو وہاں بھی یہ ڈی ٹیکٹر نشاندہی کردے گا، کہ اس گاڑی میں کوئی جاندار موجود ہے۔
کاربن ڈائی آکسائیڈ جو انسان سانس لیتے ہوئے خارج کرتا ہے، یہ آلہ اس کی مقدار بتاتا ہے، اور اس طرح اہلکاروں کو پتہ چل جاتا ہے کہ گاڑی میں کوئی چھپا ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت فرنٹکس بارڈر فورس 20 یورپی بارڈر پوسٹوں پر اس ڈی ٹیکٹر کا استعمال کررہی ہے، اس آلہ کے استعمال سے یورپی سرحدوں پر مائیگریشن پرنظر رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔