تحریک کشمیر اٹلی کا یوم استحصال کشمیر پر احتجاجی مظاہرہ، ہزاروں افراد کی شرکت
بریشیا:(رپورٹ : تنویر ارشاد) تحریک کشمیر اٹلی کے تحت اطالوی شہر بریشیا میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،جس میں اٹلی بھر سےہزاروں افرادنےشرکت کی،فضائیں پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں غیر قانونی اقدامات اور ایک سال سے جاری کرفیو کیخلاف اٹلی کے شہر بریشیا میں تحریک کشمیر اٹلی کے تحت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بریشیا میں طوفانی بارش کے باوجود اٹلی بھر سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ قافلوں اور ریلیوں کی صورت میں مظاہرے میں شرکت کے لیے پہنچتےرہے،مظاہرے سے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے بھی ٹیلیفونک خطاب کیا۔
مظاہرے کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ ہوا جبکہ مظاہرے کی صدارت صدر تحریک کشمیر اٹلی محمود شریف نے کی، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ مظاہرے میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے علاوہ سکھ کمیونٹی نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
مظاہرے سے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود احمد نے خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف اور اٹلی میں پاکستانی کمیونٹی کو کشمیری عوام کے لیے بھرپور آواز اٹھانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک کشمیر اٹلی اور اٹلی میں موجود پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو ہر قدم پر اہل جموں و کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں،انہوں نے تحریک کشمیر کو بین الاقوامی تحریک بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسی راہ ہموار کریں کہ بین الاقوامی برادری بھارت کے ظالمانہ اقدامات کو روکنے پر مجبور ہوجائے، وقت کم ہے اگر جلد اقدامات نہ کیے گئے تو بھارت پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کو تبدیل کردے گا ۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انشاء اللہ آپ کی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف نے کہا کہ تحریک کشمیر اٹلی و یورپ کی احتجاجی تحریک نے بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری کر دیا ہے، اٹلی سمیت یورپ بھر میں تحریک کشمیر کی جاری جدوجہد نے یورپی ایوانوں کو کشمیر میں جاری ظلم و ستم پر سوچنے کےلیے مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طوفان اور بارش کے باوجود جس طرح اٹلی کی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے مظاہرے میں شرکت کی ہے یہ صرف قابل ستائش ہی نہیں بلکہ بھارت کے لیے بھی واضح پیغام ہے کہ ہم کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور کشمیر کی آزادی تک تحریک کو جاری رکھ کر بھارت کی دہشت گرد حکومت کا فاشسٹٹ چہرہ دنیا کے سامنے لائیں گے۔
سکھ فار جسٹس کے رہنما جسبیر سنگھ نے کہا کہ کشمیر اور بھارتی پنجاب میں گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران آزادی کے لاکھوں نوجوانوں کو شہید کیا گیا، برصغیر کے مسلمان 14 اگست 1947 کو آزاد ہوگئے لیکن کشمیر کے مسلمان اور بھارتی پنجاب کے سکھ ابتک آزادی کے لیے جانیں قربان کررہے ہیں ۔
پاکستان تحریک انصاف اٹلی کےسرپرست اعلی چوہدری بشیر بوسال نے کہا کہ طوفانی بارش کے باوجود کشمیر کاز کےلیے ہزاروں کی تعداد میں افراد کو سلام پیش کرتا ہوں، تحریک کشمیر اٹلی جو جنگ لڑرہی ہے اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کے ٹکڑے ہونگے اور کشمیر سمیت خالصتان، آسام، لداخ اور دیگر ریاستیں بھی آزاد ہونگی۔
اسلامک سوسائٹی اٹلی کے صدر چوہدری طاہر محمود نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کےلیے اسوقت تک تحریک جاری رہے گی جب تک انہیں حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔
پاکستان فیڈریشن اٹلی کے صدر چوہدری بشیر امراء نے کہا کہ تحریک کشمیر اٹلی و یورپ نے جس طرح برطانیہ و یورپ میں کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی ہے وہ دن دور نہیں ہے جب عالمی طاقتیں اس مسئلے کو پرامن حل کرنے کے لیے مجبور ہو جائیں گی۔
مظاہرے سے دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے بھی خطاب کیا،مظاہرے کے اختتام پر تحریک کشمیر اٹلی کے جنرل سیکریٹری چوہدری جمشید چیمہ نے اٹلی بھر سے قافلوں اور ریلیوں کی صورت میں آنے والے مظاہرین کا شکریہ ادا کیا ۔