مولانا فضل الرحمن نے آصف زرداری سے پیشگی ’’سلامی‘‘ وصول کرلی

0

کراچی: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سیاست  سے فائدہ اٹھانے میں بہت مہارت رکھتے ہیں، اور اب خیبر پختونخوا میں ان کے نان کیڈر افسر بھائی ضیا الرحمن  کی کراچی کے سب سے اہم ضلع وسطی میں ڈپٹی کمشنر کی حیثیت سے تعیناتی  کوبھی اسی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق پی پی پی قائد آصف زرداری سے  مولانا کی حالیہ ملاقات کم از کم مولانا کے  لئے رنگ لے آئی ہے اور انہوں نے کے پی کے افسر کو سندھ میں کراچی وسطی کے ڈپٹی کمشنرکے  پرکشش عہدے پر تعینات کرواکر اپنی سیاسی فیس پیشگی وصول کرلی ہے۔

سندھ حکومت نے 23 جولائی کو اس وقت سب  کو حیران کردیا،جب کے پی کے ایکس پی  سی ایس گریڈ 19 کے افسر اورمولانا فضل الرحمن کے بھائی کوبراہ راست ڈپٹی کمشنر کراچی وسطی مقرر کردیا،یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا کہ سندھ حکومت نے کے پی کے افسر کی خدمات کس طرح حاصل کیں۔

دوسری جانب کراچی کی نمائندہ دونوں جماعتوں  تحریک انصاف اورایم کیوایم نے اسے سیاسی رشوت قرار دیا ہے،اور کہا ہےکہ ایسے افسر کو کس طرح کراچی میں اہم عہدہ دیاجاسکتا ہے جس کا صوبے میں کوئی تجربہ نہیں ہے۔

مولانافضل الرحمن کو ان کی آبائی نشست پر شکست دینے والے وفاقی وزیر امورکشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ضیا الرحمن کو پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کئے بغیر  مولانا فضل الرحمن نے مجلس عمل کی حکومت  کے دوران  براہ راست افسر بھرتی کیا تھا،ان کاکوئی میرٹ نہیں بنتا۔

متحدہ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن  نے کہا کہ سندھ حکومت دوسرے صوبے سے  تعلق رکھنے والا آئی جی قبول نہیں کرتی تو پھر اس نے وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر دوسرے صوبے کا افسر کس طرح تعینات کیا ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اس تعیناتی کو اقربا پروری کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔

ترجمان نے کہا  کہ سندھ کی نسل پرست حکومت نے تمام حدیں پار کرلی ہیں، پہلے وہ شہری علاقوں کواکیلا لوٹ رہی تھی لیکن اب اس نے اپنے جرائم میں دیگر جماعتوں کو بھی شریک کرلیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں احساس محرومی پہلے ہی انتہا کو چھورہا ہے ، اور اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو لوگوں کا پیمانہ صبر لبریز ہوسکتا ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری سعید آفریدی نے کہا کہ کے پی کے افسر کو لگا کر سندھ حکومت نے بتایا ہے کہ وہ اپنے صوبے کے تمام افسران سے مایوس ہوچکی ہے،انہوں نےکہا کہ کراچی کے لوگ جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نےفضل الرحمن کوخوش کرنے کےلئے ان کے بھائی پر غیر معمولی نوازش کی ہے۔

دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ ناصرشاہ کاکہناہےکہ مولاناکابھائی ہوناکوئی جرم نہیں، ضیاالرحمن تجربہ کارافسرہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.