پی آئی اے کیلئے امریکہ کے دروازے بھی بند، یورپ سے مذاکرات 

0

واشنگٹن: یورپ کے بعد امریکہ نے بھی قومی ایئرلائن کی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے، دوسری طرف یورپی یونین کے ساتھ پی آئی اے کے معاملے پر مذاکرات طے ہوگئے ہیں ، جن میں یورپی حکام کو سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق یورپی یونین اور ملائیشیا کے بعد امریکہ نے بھی پی آئی اے کیلئے دروازے بند کردئیے ہیں ۔ امریکی ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پروازوں کی سیفٹی پرتشویش کے باعث پی آئی اے کا خصوصی اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پابندی کی بنیادی وجہ پاکستانی پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیا جانا ہے۔

اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ نے 12 خصوصی پروازوں کی اجازت دی تھی، جن میں سے 6 آپریٹ ہوچکی ہیں، انہوں نے پابندی کی ای میل موصول ہونے کی تصسدیق کی اور کہا کہ پابندی کے خاتمے کیلئے امریکی حکام سے رابطے میں ہیں ۔ 

دوسری جانب یورپی یونین ائیرسیفٹی ریگولیشن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان کے ساتھ ورچوئل اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ یورپی یونین ایئر سیفٹی ریگولیشن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پائلٹوں اور انجینئرز کو جاری ہونے والے لائسنس کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ پاکستانی حکام یورپی یونین کے نمائندوں کو سیفٹی امور اور جعلی لائسنس والوں کیخلاف کارروائی سے آگاہ کریں گے ،اور پابندی ہٹانے کی درخواست کی جائے گی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.