اپوزیشن و اینکرز کے دعوے پھر دھرے رہ گئے، بجٹ زیادہ اکثریت سے منظور

1

اسلام آباد: اپوزیشن اور اینکرز کے دعوے پھر دھرے رہ گئے، بجٹ منظور نہ ہونے اور اس کے نتیجے میں حکومت کے گھر جانے کی باتیں کرنے والوں کو پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت نے گزشتہ برس کے مقابلے میں زیادہ اکثریت سے بجٹ منظور کرالیا۔

تفصیلات کے مطابق ن لیگ، پی پی پی اور مولانا فضل الرحمن سمیت اپوزیشن جماعتوں نے بی این پی مینگل کی حکومتی اتحاد سے علیحدگی اور چوہدری برادران سمیت کچھ حکومتی ارکان کی ناراضگی کے بعد ایک بار پھر یہ دعوی کیا تھا کہ وہ بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے اور اس کے نتیجے میں وزیراعظم عمران خان کو گھر جانا پڑے گا۔

ن لیگ نے اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے اندر اختلافات پیدا کرنے کیلئے پارٹی کے کسی اور رہنما کو وزیراعظم بنانے کا پتہ بھی پھینکا جبکہ بلاول اور فضل الرحمن نے حکومت سے الگ ہونے والے اختر مینگل کے ساتھ مل کر لابنگ کی اور دعوی کیا کہ حکومت بجٹ منظور نہیں کراسکے گی۔

چوہدری برادران نے بھی وزیراعظم کے عشائیے کا بائیکاٹ کرکے اپوزیشن کو بالواسطہ تقویت دی
اسی طرح حامد میر اور ہارون رشید سمیت کئی اینکرز بھی ایک بار پھر حکومت کی رخصتی کی تاریخیں دیتے نظر آئے، تاہم اپوزیشن اور ان اینکرز کو پھر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور پیر کو بجٹ با آسانی منظور ہوگیا

نمبرز گیم

نمبرزگیم میں پچھلے سال کے بجٹ کے مقابلے میں اپوزیشن کو زیادہ سبکی ہوئی اور حکومت نے زیادہ ووٹوں کے فرق سے بجٹ منظور کرایا۔ گزشتہ برس حکومت کو بجٹ پر 176 ووٹ ملے تھے جبکہ اپوزیشن کے 146 ارکان نے مخالفت کی تھی یعنی 30 ووٹوں کا فرق تھا اس سال بی این پی مینگل کے حکومت سے اپوزیشن میں جانے کے باوجود ووٹوں کا فرق بڑھ کر 41 ہوگیا۔

بجٹ کے حق میں 160 جبکہ مخالفت میں 119 ووٹ پڑے۔ حکومت اور اتحادیوں کے کل 181 ارکان ہیں جن میں سے 20 غیر حاضر تھے لیکن دوسری جانب اپوزیشن کے 161 میں سے 119 ارکان آئے،  یعنی 40 ارکان غیر حاضر تھے جن میں اکثریت ن لیگی ارکان کی ہے، جو اپنی قیادت سے مایوس بتائے جاتے ہیں۔

1 Comment
  1. Tasadduq hussain says

    سٹوری اچھی ہے لیکن جتنی مہنگائی آس حکومت نے کردی ہے۔اب اسور کے برقرار رہنے کا کوئی جواز نہیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.