یورپی ملک نے غیرملکیوں کو امیگریشن دینے کا اعلان کردیا

0

برسلز: یورپ میں انگریزی بولنے والے ملک نے غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو قانونی حیثیت دینے کی اسکیم کا اعلان کردیا ہے، جس سے ہزاروں غیرملکیوں کو فائدہ پہنچے گا، اور وہ پہلے پرمٹ اور پھر شہریت کے حقدار بن جائیں گے، اسکیم کا اگلے سال جنوری سے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی اور اسپین جیسے یورپی ممالک تو غیرملکیوں کے لئے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان وقتاً فوقتاً کرتے رہتے ہیں، تاہم اب غیرملکیوں کے لئے یہ خوش خبری انگریزی بولنے والے ملک آئرلینڈ سے آئی ہے، جہاں گزری دہائیوں میں اس سے پہلے غیرملکیوں کو ریگولرائز کرنے کی ایسی کسی اسکیم کی مثال نہیں ملتی، آئرلینڈ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک میں پہلے سے مقیم غیرملکیوں کو امیگریشن پیپر دینے جارہی ہے، اسکیم کا آغاز اگلے ماہ جنوری سے ہوگا، اور غیرملکی 6 ماہ کے اندر ریگولرائز کرنے کے لئے درخواست دے سکیں گے۔ آئرلینڈ کے سرکاری نشریاتی ادارے ’’آر ٹی ای‘‘ کی رپورٹ کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ اس اسکیم سے کم ازکم 17 ہزار غیرملکیوں کو فائدہ ہوگا، اور وہ قانونی حیثیت کے حامل ہوجائیں گے، جس شخص کی امیگریشن منظور ہوجائے گی، اس کے بیوی بچے بھی قانونی ہوجائیں گے، آئرش وزیر انصاف ہیلن میک نے کہا ہے کہ اسکیم سے ان ہزاروں افراد کو فائدہ ہوگا، جو پہلے سے آئرلینڈ میں مقیم ہیں، اور ہماری معیشت میں کردار ادا کررہے ہیں،لیکن قانونی حیثیت نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا شکار رہتے ہیں۔

اسکیم کا طریقہ کار

امیگریشن حاصل کرنے کے لئے ضروری ہوگاکہ مذکورہ شخص 4 برس سے آئرلینڈ میں مقیم ہو، جبکہ بچوں والے غیرملکیوں کو ایک سال کی رعائت دی گئی ہے، اور تین سال سے بچوں سمیت آئرلینڈ میں رہنے والے بھی اس کے اہل ہوں گے.

اسکیم سےفائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہوگا کہ آپ کا کردار صاف ستھر ا ہو، اور کسی قسم کے بڑے الزام کا سامنا نہ کررہے ہوں، البتہ معمولی جرم والے غیرملکی بھی امیگریشن کیلئے درخواست دے سکیں گے، آئرلینڈ میں سیاسی پناہ کی درخواست دینے والے افراد بھی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے، ان کیلئے مدت قیام 2 سال مقرر کی گئی ہے، یعنی اگر وہ دو سال سے آئرلینڈ میں رہ رہے ہیں، اور سیاسی پناہ کی درخواست زیرالتوا ہے ،تو وہ اسکیم کے ذریعہ امیگریشن حاصل کرسکیں گے، اسی طرح وہ افراد بھی امیگریشن کیلئے درخواست دے سکیں گے، جن کے ڈیپورٹیشن آرڈر جاری ہوچکے ہیں، وہ طلبا جن کے ویزے ختم ہوچکے ہیں، انہیں بھی امیگریشن کے لئے اپلائی کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

اسکیم کے تحت درخواست دینے والی فیملی کو ممکنہ طور پر 700 یورو فیس جمع کرانی ہوگی، فیملی میں 23 برس تک کی عمر کے بچے شامل ہوں گے، جبکہ تنہا فرد کے لئے فیس 550 یور و مقرر ہونے کا امکان ہے، سیاسی پناہ کے درخواست گزاروں سے البتہ کوئی فیس نہیں لی جائے گی، امیگریشن پیپر ملنے کے بعد تارکین وطن نیچرلائزیشن اور آئرش شہریت کے بتدریج حقدار ہوجائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.