پاکستانی شہری اور اس کے خاندان پر قیامت گزر گئی، آگ لگنے سے پہلے کیا ہوا تھا؟

0

بارسلونا: اسپین میں پاکستانی شہری اور اس کے خاندان پر قیامت گزر گئی، آگ لگنے کے واقعہ میں پورا خاندان جاں بحق ہوگیا، جس میں پاکستانی کی یورپی بیوی بھی شامل ہے، آگ لگنے سے پہلے عمارت میں رہنے والوں میں لڑائی جھگڑا بھی ہوا تھا، پولیس نے اس پہلو سے تحقیقات شروع کردی ہے.

تفصیلات کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا کے مرکزی علاقے تیتوان میں ایک بینک کی خالی عمارت میں غیرملکی خاندانوں نے کئی سالوں سے پناہ لے رکھی تھی، منگل کو علی الصبح 6 بجے اس عمارت میں آگ لگ گئی ، جس کے نتیجے میں وہاں رہنے والا پاکستانی شہری ،اس کی بیوی اور دو کمسن بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے ، پاکستانی شہری نے رومانیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون سے شادی کررکھی تھی، جو اس کے ساتھ ہی اس واقعہ میں لقمہ اجل بن گئی ، جاں بحق بچوں میں سے ایک بچے کی عمر تین سال جبکہ دوسرے کی ایک سال تھی۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ ایک ایسی دکان میں پیش آیا، جو ماضی میں ایک بینک کا دفتر تھا ، تاہم 2019 میں یہاں کچھ غیرملکی خاندان رہنے لگے تھے، پاکستانی شہری اور اس کی بیوی مختلف علاقوں سے اسکریپ جمع کر کے بیچتے تھے۔

فائر بریگیڈ کے سربراہ اینجل لوپیز نے بتایا کہ واقعہ کے وقت کل8 افراد اس عمارت میں موجود تھے، جن میں سے 4 افراد کی جان بچالی گئی ہے، وہ بھی دھوئیں سے متاثر ہوئے تھے، تاہم انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، اور ان کی صحت بہتر ہے، عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد بدقسمت پاکستانی کا خاندان مدد کے لئے پکارتا رہا، قریبی عمارت میں رہنے والے Miquel Guimera نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ لگنے سے ہر طرف دھواں ہی دھواں تھا، اور اندر پھنسے افراد مدد کے لئے پکار رہے تھے، ایسا لگتا ہے کہ وہ اندر بند ہوگئے تھے، یہ ہمارے لئے باعث شرم ہے کہ ہم انہیں نہیں بچاسکے، دو معصوم بچے بھی لقمہ اجل بن گئے۔

بارسلونا کی مئیر Ada Colau (ایڈا کوالو) نے کہا کہ ہمارے پاس اس المیے کو بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں ہیں، یہ ہمارے لئے بہت افسوسناک خبر ہے، انہوں نے بتایا کہ بلدیہ کے ملازمین نے متاثرہ مقام کا دورہ کیا ہے، جہاں ہم نے زندہ بچ جانے والے متاثرین کو خوراک اور دیگر امداد فراہم کی ، انہوں نے تصدیق کی کہ وہاں رہنے والوں میں آپس میں کچھ مسائل چل رہے تھے، اور لڑائی جھگڑے کی وجہ سے پولیس کو کئی بار بلایا جاچکا تھا، کیتالونیا کے وزیرداخلہ Joan Ignasi Elena نے بھی تصدیق کی ہے کہ آگ لگنے سے چند گھنٹے قبل بھی وہاں رہنے والوں میں جھگڑا ہوا تھا، اور پولیس کو بلایا گیا تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس بات کے کوئی شواہد فی الحال نہیں ملے کہ آگ لگنےکا تعلق کسی جھگڑے سے ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، دوسری طرف بارسلونا میں پاکستانی قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے بھی پولیس سے رابطہ کیا ہے، اور واقعہ کی معلومات حاصل کی ہیں، انہوں نے بتایا کہ قونصلیٹ لاشوں کو جلد از جلد پاکستان بھیجنے کی کوشش کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.