میلان: اٹلی کے شمالی علاقے میلان میں چھوٹا طیارہ خالی عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 8 افراد جان سے چلے گئے، سیاحوں کا طیارہ میلان لینیٹ ہوائی اڈے سے اُڑا اور چند کلومیٹر بعد دو منزلہ عمارت سے ٹکرا گیا، حادثے سے عمارت اور قریب کھڑی گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔
اطالوی میڈیا کے مطابق چھوٹے مسافر طیارے نے میلان کے لناٹ سٹی ائیرپورٹ سے جزیرے سرڈینیا کے لیے اُڑان بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد طیارہ ایک خالی عمارت سے ٹکرا گیا، جس سے جہاز میں آگ بھڑک اُٹھی، آگ لگنے کے باعث طیارے میں سوار تمام 8 افراد ہلاک ہوگئے، حادثے سے عمارت میں بھی آگ لگ گئی، تاہم خوش قسمتی سے حادثے کے وقت عمارت میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔ فائر فائٹرز کے عملے نے طیارے میں لگی آگ پر ایک گھنٹے کی مشقت کے بعد قابو پایا، اور طیارے کے ملبے سے 8 افراد کی لاشیں نکالی گئی۔
اطالوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پائلٹ 68 سالہ رومانیہ کے ارب پتی ڈین پیٹرسکو تھے، جو اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ طیارہ حادثے میں مارے گئے، حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا، دوسری جانب ایوی ایشن حکام نے تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔