عالمی پروازیں بحال، اوورسیز پاکستانی مرضی کی ائیرلائن سے آسکیں گے

0

اسلام آباد:بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے نئی پالیسی کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تمام انٹرنیشنل ائیر لائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے، ان فلائٹس کے ذریعے پہلے مرحلے میں کرونا بحران  کی وجہ سے  بے روزگار ہونے والے مزدور اور محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

اس حوالے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی  برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا ہےکہ بیرون ملک پھنسے تمام پاکستانیوں کوواپس لا ئیں گے ،20 جون سے ہرہفتے250 پروازیں مسافروں کو لےکر پاکستان آئیں گی، جس کے  ذریعہ تقریبا 45 ہزار پاکستانی ہر ہفتے واپس آئیں گے۔

ڈاکٹر معید یوسف  نے کہا کہ اب مسافر تمام ایئرلائنز کی شیڈول پروازوں کے ٹکٹ لے سکیں گے،وہ ویسے ہی ٹکٹ لے سکیں گے جیسے وہ کورونا سے پہلے لے رہے تھے۔

 ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے  شکرگزار ہیں، جنہوں نے  صبر سے کام لیا ، معید یوسف نے  بتایا کہ نئی پالیسی بنانے میں وقت لگا کیونکہ صوبوں کو تیاری کرنی تھی،یہ پالیسی صوبوں کی رضامندی سے لائی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 3 اپریل کو فضائی حدود کھولنے کے بعد سے 75 ہزار سے زائد پاکستانی واپس لے کر آئے ہیں،جن ملکوں کی فضائی حدود بند ہے ، ان کیلئے خصوصی  اجازت لے کر پرواز یں چلارہے ہیں ۔

ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ  بیرون ملک سے آمد پر جن میں کرونا کی علامات ہوگی، ان کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا، جن میں کرونا کی علامات نہیں ہوگی ، ان کو گھر جانے دیا جائے گا، البتہ انہیں گھر میں 14 دن لازمی قرنطینہ کرنا ہوگا۔

جن مسافروں میں کرونا کی علامات ہوگی ، انہیں بھی   متعلقہ ضلع کی انتظامیہ کی معاونت سے  گھروں پر یا ضرورت  پڑنے پر متعلقہ  اسپتال میں  قرنطینہ کیا جائے گا

Leave A Reply

Your email address will not be published.