شکریہ پاکستان۔ اٹلی نے وزیراعظم کو دورہ کی دعوت بھی دیدی

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے اٹلی کے وزیر خارجہ لیوگی دی مایو نے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دی مایو کا اطالوی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے پر اظہار تشکر، وزیر اعظم کو اٹلی کے دورے کی بھی دعوت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اٹلی کے وزیر خارجہ لیوگی دی مایو نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعطم نے کہا کہ اٹلی پاکستان کیلئے اہم شراکت دار ہے، اٹلی کے ساتھ دفاع، تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔ اطالوی وزیر خارجہ نے کہا کہ اٹلی بھی مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے گا، اطالوی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو اٹلی کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے بھی اطالوی ہم منصب ماریو دراغی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان افغان صورتحال پر ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اطالوی وزیر خارجہ نے افغانستان سے انخلا میں اطالوی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، پر امن، محفوظ اور مستحکم افغانستان پاکستان سمیت خطے کے تمام ملکوں کے بہترین مفاد میں ہے، افغانستان میں مستحکم سکیورٹی صورتحال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر ہجرت کو روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے، عالمی برادری کو افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.