روم: اٹلی اور پاکستان کے حکومتی سطح پر تعلقات بہت مثالی ہیں اور دونوں ملکوں نے مشترکہ گروپ بنا کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی توسیع کا راستہ روکا تھا، اب نئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کی اکثریت کی سوچ بھی ایک جیسی ہے۔
جی ہاں جیسے پاکستانی عوام کی اکثریت اپنے سیاستدانوں کو ملک میں کرپشن سمیت دیگر جرائم میں ملوث اور ان کا پشت پناہ سمجھتی ہے۔ اطالوی عوام بھی اپنے بیشتر سیاستدانوں کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھتے۔ 83 فیصد اطالوی سمجھتے ہیں کہ ملک میں مافیا کی سرپرستی اور ان کے دھندے پھیلانے میں سیاستدانوں کا ہاتھ ہے۔ اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق مافیا مخالف گروپ Libera کے سروے میں 81 فیصد اطالوی شہریوں کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اور مقامی رہنما مافیاز کے پھیلاؤ کے ذمہ دار ہیں۔ 30 فیصد اطالوی سمجھتے ہیں کہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں کرپشن کے خلاف کرائی گئی مشہور زمانہ Bribesville تحقیقات کے مقابلے میں آج اٹلی میں کرپشن زیادہ ہے۔
26 فیصد اطالوی جانتے ہیں کہ مختلف مافیاز جنوبی علاقوں میں قائم اپنے ٹھکانوں کو پورے اٹلی میں پھیلا رہے ہیں، 45 فیصد سمجھتے ہیں کہ اطالوی مافیاز اب عالمی نیٹ ورک بنا چکی ہیں۔ اٹلی کی تین بڑی مافیا ہیں۔ ان میں کلابریا کی Ndrangheta سب سے طاقتور اور مالدار مافیا ہے، جس کا یورپ کی کوکین کی تجارت پر کنٹرول ہے۔دوسرے نمبر پرسسلی کی پرانی مافیا کوسا نوستراCosa Nostra ہے۔ ناپولی کی کامورا Camorra تیسرے نمبر پر ہے، اس کے علاوہ دو چھوٹے مافیا گروپ بھی ہیں، ان میں پولیا Puglia کا Sacra Corona unita اور سسلی کا Stidda گروپ شامل ہیں۔