کتنے پاکستانیوں نے گزشتہ برس یورپی شینگین ویزے کیلئے اپلائی کیا؟، رپورٹ آگئی
برسلز: کتنے پاکستانیوں نے گزشتہ برس یورپی شینگین ویزے کیلئے اپلائی کیا؟ ویزے ملنے کی شرح کیا رہی ؟ ویزا فیس کی مد میں پاکستانیوں نے کتنے ملین یورو ادا کئے؟ کس ملک نے پاکستانیوں کو دل کھول کر ویزے دئیے۔ اور کس نے زیادہ ویزے مسترد کئے۔
اس حوالے سے دلچسپ رپورٹ سامنے آئی ہے۔ ویزا ٹرائب ڈاٹ کام نے شینگین ویزا سے متعلق رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ برس 2021 میں 26 ہزار 505 پاکستانیوں نے شینگین ویزا حاصل کرنے کیلئے قسمت آزمائی۔ اور پاکستان میں قائم شینگین ویزا نظام سے جڑے یورپی ممالک کے سفارتخانوں اور قونصلیٹ سے ویزے کیلئے رجوع کیا۔ ویزا فیس کی مد میں ان پاکستانیوں نے 2 ملین یورو سے زیادہ تقریباً 21 لاکھ 11 ہزار 360 یورو ادا کئے۔ ویزے کیلئے اپلائی کرنے والوں میں سے تقریباً آدھے پاکستانی خوش نصیب رہے۔ اور 26 ہزار 505 میں سے 13 ہزار 586 یورپی ممالک کا ویزا لینے میں کامیاب رہے۔ تاہم دوسرے ممالک سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے۔ جہاں ویزا در خواست مسترد کرنے کی شرح سب سے زیادہ رہی۔ گزشتہ برس شینگین یورپی ممالک میں اسپین پاکستانیوں کا زیادہ فیورٹ ملک رہا۔ جہاں کا ویزا لینے کیلئے سب سے زیادہ 11 ہزار 369 پاکستانیوں نے اپلائی کیا۔ تاہم اسپین سفارت خانے نے صرف 4 ہزار 656 پاکستانیوں کو ویزے دئیے۔ یوں ویزادر خواست مسترد کرنے کی شرح بہت زیادہ رہی اور تقریباً 60 فیصد درخواستیں مسترد ہوگئیں۔ پاکستانیوں کا دوسرا فیورٹ ملک جرمنی رہا۔ جس کا ویزا لینے کیلئے 3 ہزار790 پاکستانیوں نے اپلائی کیا۔ اور ان میں سے اکثریت کامیاب رہی۔ اور 2 ہزار 961 پاکستانیوں کو ویزے مل گئے۔ جو بہت اچھی شرح ہے۔ صرف 829 پاکستانیوں کی در خواستیں مسترد ہوئیں۔ اسی طرح یونان کے سفارت خانے نے بھی زیادہ تر درخواستوں پر ویزے جاری کردئیے۔ تاہم یونان سفارتخانے سے بہت ہی کم صرف 324 پاکستانیوں نے ویزے کیلئے رجوع کیا تھا۔ ان میں سے صرف 11 کو ناں ہوئی۔ باقی 313 پاکستانیوں کو ویزے مل گئے۔ چھوٹا یورپی ملک جمہوریہ چیک بھی پاکستانیوں کیلئے خوش نصیب ثابت ہوا۔ جہاں اگرچہ صرف 115 پاکستانیوں نے ویزے کیلئے در خواست دی۔ تاہم ان میں سے 91 کو ویزے مل گئے۔ یعنی صرف 24 درخواستیں مسترد کی گئیں۔