روم: اٹلی جہاں ایک طرف بارشیں کم ہونےسے خشک سالی کا شکار ہے، وہیں اب آئندہ دنوں میں ریکارڈ گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے، اور درجہ حرارت پاکستان کی طرح بہت اوپر چلاجائے گا، کون کون سے اطالوی علاقے زیادہ متاثر ہوں گے، محکمہ موسمیات نے رپورٹ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق افریقہ سےآنے والی گرم ہواوں کی وجہ سے اٹلی میں اگلا ہفتہ بہت زیادہ گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس دوران ضعیف افراد اور بچوں کا خصوصی خیال رکھنے اور زیادہ پانی پینے کا مشورہ ماہرین نے دیا ہے، اطالوی خبر ایجنسی نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ اٹلی کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 44 تک پہنچ جائے گا، محکمہ موسمیات کے ماہر آندرے گاربیناتو کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ لہر بہت شدید ہوگی، اور بہت سے لوگوں کے لئے ناقابل برداشت ہوسکتی ہے، یہ لہر جولائی کے آغاز تک جاری رہنے کا امکان ہے، گرمی کی اس لہر کا آغاز سردانیہ سے ہوگا، جہاں درجہ حرارت جمعہ سے 44 درجہ حرارت کو چھو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں خشک سالی سے پریشانی بڑھ گئی، کئی علاقوں میں ایمرجنسی پر غور
اس دوران ہوا میں نمی بڑھنے سے حبس بھی ہوگا، فلورنس میں درجہ حرارت 40، روم اور بلونیا میں 39، میلان اور ناپولی میں 37 درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شدید گرم موسم ایسے موقع پر شروع ہوا ہے، جب اٹلی کے کئی علاقے پہلے ہی خشک سالی کا سامنا کررہے ہیں،جس سے زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔