اسلام آباد: وہ کہتے ہیں ناں کہ چور جتنا بھی چالاک ہو، آخر ایک دن قانون کی گرفت میں آہی جاتا ہے، برطانیہ کو مطلوب پاکستانی طویل عرصہ تک اپنے آپ کو چھپا کر رکھنے کے بعد بالاخر پکڑا گیا،
تفصیلات کے مطابق طویل عرصہ تک برطانیہ اور پاکستانی اداروں کے لئے چھلاوہ بننے والا پاکستانی بالاخر 27 برس بعد پکڑا گیا، میرپور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا ملزم محمد بشارت 1995 میں ویلز کے علاقے میں ایک ایشیائی شہری کو قتل کرکے فرار ہوکر پاکستان آگیا تھا۔ ملزم نے پاکستان آنے کے بعد ضمیر علی ولد محمد اسلم کے نام سے شناختی کارڈ بنوالیا تھا، اور یوں وہ اتنا طویل عرصہ تک خود کو قانون کی نظروں سے چھپانے میں کامیاب رہا۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں 28 برس تک چھپنے والا تارک وطن بالاخر پکڑا گیا
اب برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے اس کا سراغ لگالیا٘ ہے اور وزارت داخلہ کے ذریعہ پاکستان سے رابطہ کیا، جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 50 سالہ محمد بشارت ولد محمد حسین سکنہ میر پور آزاد کشمیر کو گرفتار کرلیا ہے۔