یورپ میں رنگ برنگے چارجر ختم، عوام کو کتنے ملین یورو کا فائدہ ہوگا؟
برسلز: یورپی یونین نے عوام کی رنگ برنگے چارجز سے جان چھڑوانے کے لئے بڑا فیصلہ کرلیا، فون ہو ٹیبلٹ یا کوئی اور ڈیوائس ، اب چارجر ہوگا صرف ایک، کمپنیوں کو فیصلے پر عمل کرنے کیلئے حتمی مہلت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق موبائل فون، ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ، کمپیوٹر سمیت مختلف آلات کے چارجر رکھنا اب عوام کیلئے مسئلہ بنتا جارہا ہے، یہ مسئلہ یوں تو پوری دنیا میں لوگوں کو درپیش ہے، لیکن یورپی یونین کے ممالک سمیت ترقی یافتہ ممالک جدت میں باقی دنیا سے بہت آگے ہیں، اس لئے وہاں کے عوام کو گھروں اور دوران سفر اب چارجرز کا بوجھ الگ سے اٹھانا پڑتا ہے، پھر ان کی الگ الگ خریداری پر خرچہ بھی زیادہ آتا ہے، اور خراب ہونے والے چارجرز بھی اب بڑا مسئلہ بنتے جارہے ہیں، اور سالانہ کم و بیش 15 ہزار ٹن وزنی الیکٹرانک کچرا پیدا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔
ایسے میں یورپی یونین کچھ عرصہ سے یونیورسل چارجر کا قانون لاگو کرنے پر مشاور ت کررہی تھی، تاہم دنیا کی بڑے کمپنی ایپل سمیت کچھ کمپنیوں کو اس پر تحفظات تھے، لیکن اب یورپی یونین نے تمام فونز و ڈیوائسز کے لئے ایک چارجر کے قانون کی منظوری دے دی ہے، اور کمپنیوں کو دو برس کی مہلت دی ہے، 2024 کے آخر تک تمام کمپنیوں کو اپنے چارجر ایک جیسے کرنے ہوں گے ، ورنہ انہیں یورپی یونین کی حدود میں فروخت نہیں کیا جاسکے گا، نئے قانون کے تحت یو ایس بی ٹائپ- سی سے مطابقت رکھنے والے چارجر کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس قانون کے نفاذ کے بعد یورپی ممالک میں سمارٹ فون اور ٹیبلٹ استعمال کرنے والے تمام صارفین ایک ہی قسم کے چارجر سے اپنی ڈیوائسزز کو چارج کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ ہر ڈیوائس کے ساتھ نیا چارجر فروخت کرنا بھی غیر ضروری قرار دے دیا گیا ہے، اور یہ صارفین کی صوابدید ہوگی کہ وہ نیا چارجر لیں، یا اپنے پاس پہلے سے موجود ہی کو استعمال کرتے رہیں، یورپی کمشنر برائے انٹرنل مارکیٹ تھیری بریٹن کا کہنا ہے کہ یونیورسل چارجر کا قانون تمام کمپنیوں پر لاگو ہوگا۔ مالٹا سے تعلق رکھنے والی یورپی رکن پارلیمان ایلکس ایگس سلابا کا کہنا ہے کہ سنگل چارجر کے قانون سے یورپی صارفین کو سالانہ 250 ملین یورو کی بچت ہوگی، جو وہ بے مقصد چارجرز کی خریداری پر خرچ کرتے ہیں۔