یورپی ملک نے تنخواہوں میں تاریخی اضافہ کردیا

0

برلن: بڑے یورپی ملک نے کم از کم تنخواہ میں تاریخی اضافہ کردیا، اس سے پہلے اتنا بڑا اضافہ کبھی نہیں ہوا، پارلیمان سے بھی منظوری حاصل کرلی گئی، اور اگلے ماہ سے تنخواہوں میں اضافہ لگ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بڑے یورپی ملک جرمنی نے کم ازکم تنخواہ میں تاریخی اضافہ کردیا ہے، جو ایک تہائی کے قریب بنتا ہے، جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں نے اس کی منظوری دے دی ہے، جہاں حکمران سوشلسٹ اور گرین پارٹی کے ارکان کے ساتھ انتہائی بائیں بازو کی  لنکے پارٹی نے بھی اس کی حمایت کی، جبکہ سابق چانسلر انجیلا مرکل کی جماعت سی ڈی یو اور انتہائی دائیں بازو کی اے ایف ڈی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

کم ازکم تنخواہ میں اضافے سے جرمنی میں کام  کرنے والے 4 کروڑ 52 لاکھ کے قریب ورکرز میں سے 62 لاکھ کو فائدہ پہنچے گا، باقی ورکرز کی تنخواہیں پہلے ہی  کم ازکم تنخواہ سے زیادہ ہیں۔ یہ اضافہ دو مراحل میں ہوگا، پہلے مرحلے میں اگلے ماہ جولائی سے فی گھنٹہ کم ازکم تنخواہ 8 یورو 82 سینٹ سے بڑھا کر 10 یورو45 سینٹ کردی جائے گی، جبکہ یکم اکتوبر سے فی گھنٹہ کم ازکم تنخواہ 12 یورو ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: فی گھنٹہ 12 یور و تنخواہ ملے گی، یورپی ملک کے فیصلے سے تارکین وطن کو زیادہ فائدہ

وزیر لیبر Hubertus Heil نے کہا ہے کہ یہ  کم تنخواہ پانے والوں کیلئے زندگی کا سب سے بڑا اضافہ ہے، دوسری طرف جرمن کاروباری تنظیموں کو خدشہ ہے کہ تنخواہوں میں ایک ساتھ اتنے بڑے اضافے سے ان کے اخراجات بڑھیں گے، جس کے نتیجے میں مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے، پہلے ہی مئی میں افراط زر کی شرح 8 فیصد کے قریب آئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.