نئے آنے والے تارکین کیلئے اٹلی کا اہم فیصلہ

0

روم: اٹلی نے ملک میں داخل ہونے والے نئے تارکین وطن کے لئے اہم فیصلہ کرلیا، جس سے ابتدائی دنوں میں انہیں پیش آنے والی مشکلات میں کمی آئے گی، اس حوالے سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موسم گرما شروع ہوتے ہی اٹلی میں ایک بار پھر سمندر کے راستے سے تارکین کی آمد کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، اور گزشتہ 2 روز کے دوران 650 سے زائد تارکین اٹلی میں کشتیوں کے ذریعہ پہنچے ہیں، ان میں پاکستانی بھی شامل ہیں، کرونا کی وبا سامنے آنے کے بعد اطالوی حکومت نے ملک میں سمندری راستے سے آنے والے غیر قانونی تارکین کے لئے جہازوں میں قرنطینہ کا نظام شروع کیا تھا، اور تارکین وطن کو ابتدائی طبی معائنے اور رجسٹریشن کے بعد ان جہازوں پر منتقل کرکے قرنطینہ کی مدت پوری کرائی جاتی تھی ، تاہم اب اطالوی حکومت نے جہازوں پر قرنطینہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فرانس جانے والے تارکین کا اٹلی نے حل تلاش کرلیا

اس مقصد کے لئے 5 بحری جہاز استعمال کئے جارہے تھے، لیکن اب ان جہازوں کو اس کام سے فارغ کردیا گیا ہے، اور یہ جہاز اب دوبارہ سیاحت کے لئے استعمال میں لائے جائیں گے، اطالوی وزارت صحت نے اس حوالے سے احکامات جاری کردئیے ہیں، جو فوری نافذ العمل ہوں گے، اب نئے آنے والے تارکین وطن کیلئے قرنطینہ کے انتظامات جہازوں کے بجائے بندرگاہوں کے قریب واقع سینٹرز میں کئے جائیں گے، اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال پہلے 5 ماہ جنوری سے مئی کے دوران 18 ہزار 841 تارکین کشتیوں کے ذریعہ ملک میں داخل ہوئے ہیں، جو گزشتہ برس کے اس عرصے کے مقابلے میں ساڑھے 4 ہزار زائد ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.