جنوں، پریوں کی کہانیاں پرانی ہوئیں، اٹلی میں انسانوں کو ہوا میں اڑانے کا منصوبہ تیار
روم: آپ نے ڈراموں میں دیکھا ہوگا کہ جن اور پریاں ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لئے ہوا میں اڑتے جاتے ہیں، لیکن یہ کہانیاں اب پرانی ہوئیں، دنیا میں اس وقت انسانوں کے اڑنے کا وقت ہے اور اٹلی میں انسانوں کو ہوا میں اڑا کر منزل پر پہنچانے کیلئے منصوبہ شروع کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر فلورنس میں اس حوالے سے منصوبہ شروع کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اطالوی سول ایوی ایشن اتھارٹی Enac اور فلورنس کی بلدیہ نے معاہدے پر دستخط کئے ہیں، جس کے تحت شہر میں انسانوں اور سامان کی نقل وحمل کے لئے فضا کو استعمال کیا جائے گا، انسان اور ان کا سامان شہر میں ایک سے دوسری جگہ جانے کے لئے اب سڑکوں یا ریل کا ہی استعمال نہیں کریں گے، بلکہ وہ اڑ کر بھی ایک سے دوسری جگہ جاسکیں گے، منصوبے کے تحت انسانوں اور سامان کی فضائی نقل و حمل کے لئے ڈرون اور اڑنے والے الیکٹرک گاڑیاں تیار کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں انسان اڑ کر ایک دوسرے کے پاس پہنچا کریں گے، مگر کیسے ؟
اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق فلورنس اس حوالے سے اٹلی کا پہلا شہر بننے جارہا ہے، جہاں انسان اور سامان فضا میں اڑتے ہوئے ایک سے دوسری جگہ جاسکیں گے، ڈرون اور اڑنے والی گاڑیوں کے لئے اطالوی سول ایوی ایشن اور بلدیہ مل کر نظام قائم کریں گے، شہر کے مئیر Dario Nardella کا کہنا ہے کہ فلورنس پہلے یورپی شہروں میں ہوگا، جہاں ائر ٹرانسپورٹ کا یہ نظام قائم کیا جائےگا، لوگوں اور سامان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے ڈرونز کے اسٹیشن بنائے جائیں گے، اور پورا نظام قائم ہوگا، یہ منصوبہ تین سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔