اٹلی: لمپاڈسیا میں موجود تارکین وطن جہاز پر منتقل
روم: اٹلی کی حکومت نے لمپاڈسیا کے جزیرے سے سینکڑوں تارکین وطن کو جہاز میں منتقل کردیا ہے، تاکہ جزیرہ پر تارکین وطن کے رش سے نمٹا جاسکے، لمپاڈسیا میں لیبیا اور تیونس سمیت افریقی ممالک سے کشتیوں میں آنے والے تارکین وطن کی اکثریت کی پہلی منزل ہوتا ہے.
تارکین وطن کی لمپاڈسیا سے یہ منتقلی ایسے موقع پر ہوئی ہے، جب اطالوی وزیراعظم نے سسلی ریجن کے سربراہ نیلو موسمک سے ملاقات کی تھی ، اس سے پہلے نیلو موسمک نے گزشتہ ہفتہ تمام تارکین کوا پنی حدود سے نکالنے کا حکم دیا تھا، تاہم اٹلی کی وفاقی حکومت نے اس حکم کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ امیگریشن مرکزی حکومت کا اختیار ہے، بعدازاں اس حکم کو عدالت نے بھی کالعدم قرار دے دیا تھا۔
لمپاڈسیا کے مئیر کا کہنا ہے کہ 752 تارکین وطن کو جہاز پر منتقل کیا گیا ہے، اور ان میں سے کوئی کرونا میں مبتلا نہیں تھا، تاہم اطالوی حکام کےمطابق جہاز پر ان تارکین کو 14 روز تک قرنطینہ میں رکھا جائےگا، واضح رہے کہ لمپاڈسیا پر 200 تارکین وطن کیلئے ریسپشن سینٹر موجود ہے ، تاہم وہاں ایک ہزار سے زائد تارکین وطن موجود ہیں ۔