اٹلی میں اسکول کھولنے کی تیاریاں تیز، نئے ڈیسک خریدنے کا فیصلہ
روم: اٹلی میں بچے ہوجائیں تیار، اگلے ماہ کھلنے کو ہیں اسکول تیار، حکومت نے ستمبر کے وسط سے اسکول کھولنے کی تیاری کرلی ہے، اسکولوں کو نئی ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا، کلاس روم میں بچوں کی تعداد محدود کی جائے گی اور جہاں ممکن ہوگا بچوں کو کھلی جگہ پر تعلیم دینے کی کوشش کی جائے گی۔
اس کے ساتھ اٹلی نے ملک کے تعلیمی اداروں کے لئے 30 لاکھ سنگل ڈیسک بھی خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لئے یورپ بھر کی کمپنیوں سے پیشکشیں طلب کی جاچکی ہیں۔
اس سے قبل زیادہ تر اطالوی اسکولوں میں سنگل کے بجائے بڑے بینچ استعمال کئے جارہے ہیں، جن پر عموما دو بچے ایک ساتھ بیٹھ کرتعلیم حاصل کرتے ہیں، تاہم اب کرونا کی صورتحال کے پیش نظر اطالوی حکومت نے اسکولوں میں سنگل بینچ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کے لئے ٹینڈر طلب کئے گئے ہیں اور ان کی ترسیل کی تاریخ 8 ستمبر تک رکھی گئی ہیں، تاکہ اسکول کھلنے سے قبل یہ سنگل بینچ تعلیمی اداروں میں پہنچ جائیں، تاہم سی این این کے مطابق کئی ریجنز کو خدشہ ہے کہ حکومت کے خرید کردہ بینچ اسکول کھلنے سے قبل ان تک نہیں پہنچ سکیں گے۔
اس لئے کئی علاقوں میں مقامی حکام پہلے سے موجود بینچز کو سنگل میںتبدیل کرانے کے لئے بھی کام کررہے ہیں۔
سسلی میں اس کام پر مامور ایڈولف کارڈینیل نے بتایا کہ ہم پرانے بڑے بینچز کو سنگل بینچ میں تبدیل کرنے کے لئے کام کررہے ہیں، تاکہ طلبا کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔