کراچی: سندھ میں پی پی کی سائیں سرکار کے راج کے نیچے سیاسی آشیر باد سے ڈاکو راج کس طرح چل رہا ہے، اس کا ایک اور ویڈیو ثبوت سامنے آگیا۔ سائیں سرکار کی طرف سے کرونا ایس او پیز کے نام پر عام شہریوں پر شادی اجتماعات پر پابندی لیکن ڈاکو شادی کا جشن سر عام مناتے رہے۔
سندھ کے سینئر صحافی غازی جھنڈیر نے انڈس ہائی وے پر شکارپور کندھ کوٹ کے قریب چمنی شاخ اسٹاپ کے پاس خطر ناک ڈاکو خادم بھیو کے بھائی کی چند روز پہلے ہونے والی شادی کی ویڈیو شئیر کی ہے جس میں موسیقی کی محفل کے دوران سندھ کے درجنوں انعام یافتہ ڈاکو نہ صرف شریک ہیں۔ بلکہ رات بھر ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔
ان میں وہ درندے بھی شامل تھے جو عام لوگوں کے علاوہ پولیس کے افسران و جوانوں کے قتل کیسز میں نامزد ہیں، ان ڈاکووں کے پاس اس وقت بھی صرف سندھ نہیں بلکہ چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کلاشنکوفیں پکڑے ڈاکو دولہا پر نوٹ نچھاور کر رہے ہیں۔
شکارپور وہی علاقہ ہے جہاں سابق آئی جی کلیم امام نے ڈاکٹر رضوان جیسے سخت افسر کو تعینات کیا، تو وہ ڈاکؤوں اور پی پی پی کے وزیر امتیاز شیخ کے درمیان تعلقات کے ناقابل تردید ثبوت سامنے لے آئے تھے۔ لیکن سائیں سرکار نے امتیاز شیخ کے خلاف کارروائی کے بجائے ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کو نشانے پر رکھ لیا۔
سابق آئی جی کلیم امام نے ڈاکٹر رضوان کو ہٹانے اور ان کے خلاف کارروائی کی مزاحمت کی تو کلیم امام کو آئی جی کے عہدے سے ہٹوا دیا، جس کے بعد ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان بھی سندھ بدر کردئیے گئے اور اب وفاقی حکومت نے انہیں پنجاب میں ایف آئی اے میں پوسٹنگ دی ہے۔