افغانستان نے مزدوروں کی ہلاکت کا ذمہ دار ایران کو قرار دیدیا
کابل: افغانستان اور ایران میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور افغان حکومت نے تحقیقات کے بعد ایرانی سیکورٹی اہلکاروں کو ان 18 افغان شہریوں کے قتل کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے، جو 11 مئی کو ہرات اور ایران کے درمیان واقع دریائے ہری رود میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔
افغان صدر اشرف غنی نے اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی تھی، جس نے واقعہ میں ایران کو ملوث قرار دے دیا ہے، کمیٹی نے کہا کہ ایران کے سرحدی محافظوں نے ان افغان مزدوروں کو زبردستی دریا میں ڈبو کر ہلاک کیا تھا۔
افغان وزارت خارجہ نے اتوار کو تحقیقات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایران اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے سے بھی گریزاں ہے۔
واضح رہے کہ اس واقعہ پر افغانستان میں ایران کیخلاف سخت ردعمل سامنے آیا تھا جبکہ طالبان نے بھی اس کی مذمت کی تھی، بعدازاں افغان صدر نے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی تھی ۔