بھارت نے جاسوسی کا الزام لگا کر 2 پاکستانی سفارتی اہلکاروں کو حراست میں لے لیا

0

بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ نے ‏بھارت میں تعینات دو پاکستانی سفارتی اہلکاروں سمیت 3 پاکستانی افراد کو جاسوسی کا الزام لگا کر حراست میں لے لیا۔

بھارت نے چین سے ملنے والی ہزیمت سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان ہائی کمیشن میں تعینات 2 ویزا آفیسروں عابد حسین اور طاہر خان پر جاسوسی کا الزام لگا کر پکڑلیا تاہم بعد ازاں انہیں ملک چھوڑنے کا کہہ کر رہا کردیا۔

بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ سیکورٹی حکام نے سفارتی اہلکاروں کے ہمراہ ایک اور پاکستانی جاوید حسین کو بھی گرفتار کیا ہے۔

بھارتی دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستانی ناظم الامور کو بلا کر نوٹ دیا گیا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے دونوں ارکان سفارتی آداب کے منافی اور جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، لہذا پاکستانی ہائی کمیشن دونوں ارکان کو بھارت سے واپس بھیج دے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستانی سفارتی عملے کو جاسوس قرار دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان مخالف منفی پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھی اس کا فوری جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اسلام آباد میں سفارتی لبادے میں موجود را کے اہلکاروں کو غیر پسندیدہ قرار دے کر نکال دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.